Time 02 ستمبر ، 2018
پاکستان

امریکا نےامداد نہیں کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم روکی ہے، وزیرخارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا نے امداد نہیں بلکہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی وہ رقم روکی ہے جو پاکستان دہشتگردی کے خلاف خرچ کرچکا ہے۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی محکمہ دفاع کے 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کرنے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ آرہے ہیں، کوشش ہوگی کی باہمی عزت و احترام کا رشتہ قائم کرتے ہوئے تعلقات کو بہتر بنائیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات تقریباً معطل ہیں، گزشتہ حکومت کی صورتحال یہ تھی کہ کسی لیول پرانگیجمنٹ نہیں ہورہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان نے قربانیاں دی ہیں، امریکا امداد نہیں بلکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ڈالرز دے رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 5 ستمبر کو امریکی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، کوشش ہوگی کہ پاک امریکا تعلقات کو بہتر کروں، امریکی وزیر خارجہ سے نئے رشتے پر بات ہوگی اور ان کی خدمت میں اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکاسے گفت و شنید ہی نہیں ہورہی تھی،ایک تعطل تھا، یہ ایک نئی اوپننگ ہمارے سامنے آرہی ہے، ہمارا عزم ہے کہ خطے اور دنیا کو دہشتگردی سے پاک کریں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے رقم مدد کیلئے نہیں کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں دینی تھی، یہ ہمارا پیسہ ہے،ہم نے خرچ کیا ہے، یہ پیسا امن، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خرچ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ پیسا ہے جو پاکستان نے اپنے وسائل سے خرچ کیا اور امریکا نے ہمیں واپس کرنا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا نےسابق حکومت کے دور سے ہی یہ فنڈ معطل کررکھا ہے، یہ تاثر دینا کہ یہ کیا ہوگیا،یہ کوئی نئی چیز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو میں وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی بریفنگ ملکی مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھ کر آگے بڑھیں۔

مزید خبریں :