04 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اتنا ہی حق ہے جتنا اکثریت کو ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کی حفاظت یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور اقلیتوں کی حفاطت صرف حکومت کا ہی نہیں بلکہ ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اپنے ساتھ بسنے والی اقلیتوں کی حفاظت، احترام اور عزت کرے، پاکستان میں اقلیتوں کو اتنا ہی حق ہے جتنا اکثریت کو ہے۔
اکنامک ایڈوائزری میں ایک رکن کی تعیناتی پر اٹنھے والے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا ہے کہ اکنامک ایڈوائزری میں تقرری پر کسی کو اعتراض کرنا چاہیے کیوں کہ اکنامک ایڈوائزری کونسل میں اسے لگایا گیا ہے جسے اگلے 5 سال میں نوبل پرائز ملنے والا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو اکنامک ایڈوائزری کونسل میں لگایا گیا ہے، اسلامی نظریاتی کونسل میں نہیں، جو لوگ اعتراض کررہے ہیں وہ بنیادی طور پر انتہا پسند ہیں اور ہمیں انتہا پسندوں کے سامنے بالکل نہیں جھکنا چاہیے۔
صدارتی امیدوار کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ عارف علوی ایک انتہائی پروفیشنل اور نفیس آدمی ہیں جن کی پارٹی اور نظریے سے کمٹمنٹ شک و شبے سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 دن میں کوئی حکومت اتنی تیزی سے کام آگے نہیں بڑھا سکی ہے، ہم نے ایک دن میں 15 لاکھ پودے لگائے ہیں اور فاٹا کے انضمام کی طرف مضبوط قدم بڑھایا ہے۔