پاکستان
Time 21 ستمبر ، 2018

اڈیالہ میں نوازشریف کے ساتھ حنیف عباسی کی موجودگی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم


لاہور: پنجاب حکومت نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ساتھ حنیف عباسی کی موجودگی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی۔

وزیر جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق کمیٹی میں ڈی آئی جی جیل فیروز شوکت اور اے آئی جی ملک صفدر نواز شامل ہیں۔

وزیر جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ کمیٹی آج راولپنڈی پہنچ کر اپنا کام شروع کرے گی اور 72 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرائے گی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ پر قانون کے مطابق ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت کی سزا معطل کی تھی جس کے بعد رہائی کے موقع پر (ن) لیگی قائد کی اڈیالہ جیل سے تصویر سامنے آئی تھی جس میں ایفی ڈرین کیس میں سزا پانے حنیف عباسی بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جنہیں عام انتخابات سے چند روز قبل ہی سزا سنائی گئی تھی۔


مزید خبریں :