07 اکتوبر ، 2018
کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے تمام سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز میں کولڈرنکس، کلر ڈرنکس اور فلیور اسنیکس پر پابندی عائد کردی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نجی اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ کو پابندی کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کینٹین پر غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
محکمہ تعلیم سندھ کی ہدایات کے مطابق اسکولوں میں صرف حفظان صحت کے اصولوں پر پوری اترنے والی اشیاء ہی فروخت ہوں گی۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کے فوڈ کوالٹی کو چیک کرنے والے پینل کی جانب سے ماہ ستمبر میں اسکولوں اور کالجز کے کھانے کے معیار کو چیک کر کے رپورٹ محکمہ تعلیم سندھ کو دی گئی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ تعلیم سندھ نے اسکولوں کالجز کی کینٹینز میں تمام تر غیر معیاری اشیاء کی ترسیل کو روکنے کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔