08 اکتوبر ، 2018
اسلام آباد: وزیرخزانہ اسد عمر کی سربراہی میں پاکستانی وفد آج انڈونیشیا روانہ ہوگا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرے گا، یہ اجلاس 14 اکتوبرتک بالی میں جاری رہے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسد عمر سائیڈ لائنز پر آئی ایم ایف حکام سے ملاقات کریں گے اور پاکستانی معیشت کو درپیش چیلینجز پر بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف پروگرام پر غور کررہا ہے اور وزیر خزانہ اسد عمر مجوزہ آئی ایم ایف پروگرام پر بھی بات کریں گے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہناہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو 10 ارب ڈالر تک کا قرضہ دے سکتا ہے۔