پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2018

انتخابی دھاندلی کمیٹی کا چیئرمین حکومت سے ہو گا، اسد قیصر

حکومت اور اپوزیشن دونوں کو پیار اور محبت سے چلانا چاہتا ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی۔ فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ انتخابی دھاندلی کمیٹی کا چیئرمین حکومت کی طرف سے ہو گا۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ نومبرکے پہلے ہفتے میں انتخابی کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا جائے گا۔

قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ نیب نے بتایا کہ شہباز شریف کو گرفتار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب اسمبلی کے اندر کسی رکن کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اسپیکر سے اجازت لی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے بھی شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے فیصلے کو سراہا، پارٹی قیادت نے بھی کہا کہ اچھا فیصلہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اجلاس میں کون کون بات کرے گا اس پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر پہلے حکمت عملی طے کر لی تھی۔

اسد قیصر نے کہا کہ مجھے وزیراعظم کی پوری حمایت حاصل ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ اپنے تجربے کی بنیاد پر چلیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو پیار اور محبت سے چلانا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ نیب نے چند روز قبل آشیایہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا جس پر مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی گئی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 17 اکتوبر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے اور شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے احکامات جاری کیے۔

مزید خبریں :