دنیا
Time 21 اکتوبر ، 2018

قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں مزید 9 کشمیری شہید


سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں قابض بھارتی فورسز کی گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں 9 کشمیری شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع کلگام کے علاقے لارو میں محاصرے کے دوران ایک رہائشی مکان کو گولہ باری کے ذریعے تباہ کیا جس کے نتیجے میں مکان میں موجود 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

مقامی افراد مکان کا ملبہ ہٹارہے تھے کہ قابض بھارتی فوج کی جانب سے پھینکا گیا بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں مزید 2 کشمیری نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی مظالم کے خلاف لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے، اس موقع پر فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد کشمیری مظاہرین زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد شہادتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

بھارتی فوج کی فائرنگ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس شیلنگ سے 40 سے زائد کشمیری زخمی ہوئے ہیں جب کہ اسی علاقے میں کارروائی کے دوران بھارتی فورسز کے 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب قابض انتظامیہ نے ضلع کلگام میں کرفیو نافذ کردیا ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

غاصب بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف حریت کانفرنس کی مشترکہ قیادت سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے کل وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

حریت قیادت کے مطابق کلگام شہادتوں پر منگل کو سری نگر کے لال چوک پر احتجاج کیا جائے گا۔

دو روز قبل بھی قابض بھارتی فوج نے بارہ مولا میں فائرنگ کرکے 4 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

مزید خبریں :