پاکستان
01 اگست ، 2012

بلوچستان کے خراب حالات ، 6 مسلح تنظیمیں ملوث ہیں، وزارت داخلہ

بلوچستان کے خراب حالات ، 6 مسلح تنظیمیں ملوث ہیں، وزارت داخلہ

اسلام آباد … وزارت داخلہ کی تازہ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں 6 مسلح تنظیمیں ملوث ہیں جبکہ افغان پناہ گزینوں کی مشکوک سرگرمیاں بدامنی کی بڑی وجہ ہیں۔وفاقی کابینہ کی بلوچستان پر قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت داخلہ کی پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں 2010ء سے اب تک 868 افراد مارے گئے۔ 2010ء میں 378 افراد کاقتل ہوا، گزشتہ سال 228 افراد مارے گئے جبکہ 262 افراد اس سال مختلف واقعات میں مارے گئے جبکہ بلوچستان سے لاپتہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2390 ہوچکی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے میں لشکر بلوچستان، بلوچستان مسلح دفاع تنظیم، لشکر جھنگوی، بی ایل اے، بی آر اے اور بی ایل ایف شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ 3 برسوں میں 77 افراد کو تاوان کیلئے اغواء کیا گیا جن میں کئی اہم افراد بھی اغواء کئے گئے جن میں سے بعض کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ مسلح افراد کی نگرانی کرنے والے گروپ دھماکا خیز مواد کی تیاری اور بعض اوقات سرحدی علاقوں سے بلوچستان کو منتقلی میں بھی ملوث ہیں۔ وزارت داخلہ کی نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آباد افغان مہاجرین بدامنی کی بڑی وجہ ہیں۔

مزید خبریں :