پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2018

کوئٹہ: کلی شابو میں نجی اسکول کے باہر فائرنگ، 4 طالب علم زخمی


کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک نجی اسکول کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں 4 طالب علم زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے کلی شابو میں پیش آیا، جہاں نجی اسکول کے گیٹ پر موٹرسائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 4 طالب علم زخمی ہوئے۔

زخمی طلبا کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں—۔جیو نیوز اسکرین گریب

فائرنگ کے بعد حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 پولیس کے مطابق زخمی طالب علموں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک طالبہ اور تین طلباء شامل ہیں، جن کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

پاکستان میں تعلیمی اداروں میں فائرنگ کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل دسمبر 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے 150 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جن میں زیادہ تعداد معصوم طلبہ کی تھی۔

علاوہ ازیں جنوری 2016 میں خیبر پختونخوا کے شہر چارسدہ میں واقع باچا خان یونیورسٹی میں بھی مسلح شدت پسندوں کے حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ فوج کے آپریشن میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

مزید خبریں :