دنیا
Time 29 اکتوبر ، 2018

کرکٹ ورلڈ کپ 1996 کی فاتح سری لنکن ٹیم کے کپتان ارجنا رانا ٹنگا گرفتار


سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا پولیس کے حصار میں کورٹ پیشی کے لیے جاتے ہوئے—   فوٹو : رائٹرز 

کولمبو: سری لنکا کے معزول وزیر برائے پیٹرولیم اور 1996 میں کرکٹ ورلڈکپ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کے کپتان ارجنا رانا ٹُنگا کو گرفتار کرلیا گیا۔

رانا ٹنگا کو پولیس نے گزشتہ ہفتے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہونے والے فائرنگ کے معاملے میں گرفتار کیا ہے، اس فا ئرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

فا ئرنگ کا یہ واقعہ سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے دفتر میں مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی کے بعد پیش آیا تھا۔

ہنگامہ آرائی کے دوران رانا ٹنگا کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا جس کے بعد رانا ٹنگا کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو اسلحے کا استعمال کرنا پڑا، فائرنگ کے  نتیجے میں سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کا ایک ملازم ہلاک ہوا تھا۔

صورت حال مزید خراب ہو جانے کے بعد سابق کپتان کو عمارت سے نکالنے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کے دستوں کو بلانا پڑا تھا۔

اس واقعے کے بعد پیٹرولیم یونین نے فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکت پر رانا ٹنگا کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کر دیا تھا۔

رانا ٹنگا کے ساتھ ساتھ فا ئرنگ کرنے والے اہلکار کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتاری کے بعد رانا ٹنگا کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں مجسٹریٹ نے معزول وزیر پیٹرولیم کو ضمانت پر رہا کردیا۔

خیال رہے کہ اس ہنگامہ آرائی کو سری لنکا میں جاری سیاسی بحران سے جوڑا جا رہا ہے جو سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا کی جانب سے سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرم سنگھے کو عہدے سے ہٹانے کے بعد شدت اختیار کرگیا ہے۔

سری لنکن صدر نے اپوزیشن لیڈر و سابق صدر مہندا راجا پاکسے کو وزیر اعظم مقرر کردیا ہے اور انہوں نے 16 نومبر تک پارلیمنٹ بھی معطل کررکھی ہے۔

سری لنکن پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی بحران خون آلود ہوسکتا ہے۔ 

یاد رہے کہ ارجنا رانا ٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے 1996 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا جس کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا تھا۔کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد رانا ٹنگا نے سیاست میں قدم رکھے تھے۔

مزید خبریں :