پاکستان
Time 10 نومبر ، 2018

ماڈل ٹاؤن کیس: شریف برادران کی طلبی سے متعلق فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر


لاہور: سپریم کورٹ نے ماڈل ٹاؤن کیس میں شریف برادران کی طلبی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے  لیے مقرر کردی۔

ہائیکورٹ نے ماڈل ٹاؤن کیس میں نوازشریف، شہبازشریف اور رانا ثنااللہ کو طلب کرنےکی درخواست مسترد کردی تھی جس پر درخواست گزار نے عدالت عالیہ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

جیونیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد درخواستگزار کی اپیل جمعہ کو سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔

جسٹس گلزار احمد اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل عدالتِ عظمیٰ کا 2 رکنی بینچ اپیل پر سماعت کرےگا جس کے لیے درخواست گزار سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا پس منظر

یاد رہے کہ 17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔

پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت اور پولیس آپریشن کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین بھی شامل تھیں جب کہ پولیس کی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنائی گئی جس کی رپورٹ بھی منظرعام پر آچکی ہے۔

مزید خبریں :