Time 12 نومبر ، 2018
پاکستان

اومنی گروپ کی رہن رکھی گئی چینی کے 66 لاکھ تھیلے غائب ہوئے: ایف آئی اے رپورٹ

جے آئی ٹی نے شوگر ملوں کا ریکارڈ قبضے میں لیا: ایف آئی اے رپورٹ_ فائل فوٹو

اسلام آباد: ایف آئی اے نے اومنی گروپ کی شوگر ملوں کی بینکوں کے پاس رہن رکھی گئی چینی غائب ہونے کے معاملے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

ایف آئی اے کی سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق اومنی گروپ ساڑھے 13 ارب روپے کا مقروض ہے جن میں بینکوں کا کل نقصان تقریباً ساڑھے 11 ارب روپے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیاہےکہ شوگر ملوں سے رہن شدہ چینی کے تھیلے غائب تھے، چینی کے صرف 8 لاکھ 37 ہزار 879 تھیلے موجود تھے جب کہ 66 لاکھ 92 ہزار 946 تھیلے غائب پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق جے آئی ٹی نے اس سلسلے میں شوگر ملوں کا ریکارڈ قبضے میں لیا، قبضے میں لیے گئے ریکارڈ کا تجزیہ جاری ہے اور حتمی رپورٹ کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

شوگر ملوں کے چیف ایگزیکٹوز کی ضمانتیں منظور

دوسری جانب بینکوں سے قرض کے بدلے رہن رکھی جانے والی چینی غائب ہونے کے معاملے پر اومنی گروپ کے علی کمال مجید اور مصطفیٰ ذوالقرنین مجید سمیت 7 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔

کراچ کی بینکنگ کورٹ نے شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹوز کو 10،10لاکھ اور ڈائریکٹرز کو 5،5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے شوگر ملز چیف ایگزیکٹوز اور ڈائریکٹرز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

مزید خبریں :