05 فروری ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر کے نام پر رکھی گئی، حکومت اس مسئلہ سے پہلو تہی نہیں کر سکتی ، مسئلہ کشمیر اور ایٹمی پالیسی پر قوم کا موٴقف ایک ہے، مسئلہ کشمیر کو او آئی سی سمیت ہر عالمی پلیٹ فارم پر اٹھایا جائے گا ، بھارت کو تجارت سے متعلق پسندیدہ ملک قرار دینے کا مطلب مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنا نہیں ، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موٴقف تبدیل نہیں ہوا، بھارت کو مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر قائل کیا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر ذمے دارانہ پالیسی بنانی ہے، یہ مسئلہ جنگ سے حاصل نہیں ہوگا، مسئلہ کشمیر مکمل قومی اتفاق رائے سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر کے نام پر رکھی گئی، حکومت اس مسئلہ سے پہلو تہی نہیں کر سکتی ، مسئلہ کشمیر اور ایٹمی پالیسی پر قوم کا موٴقف ایک ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی بنائی گئی پالیسیوں کا خمیازہ ہم آج تک بھگت رہے ہیں، وہ دن گزر گئے جب شخص واحد ملک کی خارجہ پالیسی بناتا تھا ،چین سے ہمارے تعلقات کو سب سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، ایٹمی اثاثوں، نیٹو اور امریکا کیساتھ تعلقات سمیت ہر معاملہ پر عوام کی حمایت کے مطابق پالیسی بنائی جا ئے گی، نیٹو کی سپلائی لائن سے متعلق پارلیمنٹ میں کیا جانیوالا فیصلہ قبول کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو او آئی سی سمیت ہر عالمی پلیٹ فارم پر اٹھایا جائے گا ، بھارت کو تجارت سے متعلق پسندیدہ ملک قرار دینے کا مطلب مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنا نہیں ، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موٴقف تبدیل نہیں ہوا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کرتا رہے گا، بھارت کو مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر قائل کیا ہے، مسئلہ کشمیر پر حکومت تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی۔