03 اگست ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے امریکہ،برطانیہ اورنیٹوممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر جہاں دنیا کے مختلف ممالک میں کارروائیاں کررہے ہیں وہاں عالمی بحری تجارت کومحفوظ بنانے کیلئے صومالی قزاقوں کی مسلح کارروائیوں سے بھی دنیاکے لوگوں کو نجات دلائیں۔اس سلسلے میں دیگرممالک، او آئی سی اوردیگربین الاقوامی تنظیموں سے بھی مددلی جائے ۔ الطاف حسین نے یہ بات صومالی بحری قزاقوں کے ہاتھوں دوسال سے زائد عرصہ تک یرغمال رہنے کے بعد رہائی پانے والے بحری جہازایم وی البیڈو کے پاکستانی عملے سے گزشتہ شب گورنر ہاوٴس کراچی میں فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔رہائی پانے والوں کاتعلق کراچی کے علاوہ ، لاہور، فیصل آباد، جہلم ، گجرات ، مانسہرہ اورمالاکنڈ ڈویژن کے علاقے دیرسے ہے۔ الطاف حسین نے قزاقوں کی قیدسے رہائی پربحری جہاز کے پاکستانی عملے اوران کے تمام اہل خانہ کو اپنی اورایم کیوایم کی جانب سے مبارکبادپیش کی ۔ انہوں نے اس سلسلے میں دن رات کوششیں کرنے پر گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد ،سی پی ایل سی کے چیئرمین احمدچنائے اورا ن کی معاونت کرنے والے تمام افراد کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے اپنے مصیبت زدہ پاکستانی بھائیوں کورہائی دلواکرانکے پریشان حال اہل خانہ کو رمضان کے ماہ مبارک میں جوتحفہ دیاہے اس پر آپ کوجتنابھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے،آپ نے مظلوموں کی مددکرکے نیک کام کیاہے، ا للہ تعالیٰ آپ کواس کااجرعظیم عطا کرے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں خصوصی کاوشیں کرنے پر صدرآصف زرداری اورمالی معاونت کرنے والے مخیرحضرات کابھی خصوصی شکریہ اداکیا ۔ اس موقع پر رہائی پانے والے تمام پاکستانیوں نے بھی الطاف حسین سے فرداًفرداً گفتگوکی اورانکی رہائی کے سلسلے میں بھرپورکوششیں کرنے اورانکے اہل خانہ کی دادرسی کرنے پر الطاف حسین، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد ، سی پی ایل سی کے چیئرمین احمدچنائے اورحکومت کاشکریہ اداکیا۔جہازکے کپتان جاویدنے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آپ ایک بہادراورانسانیت دوست انسان ہیں اور ہمیشہ مظلوموں کیلئے آوازبلندکرتے ہیں، ہمیں آپ پرفخرہے،جہازکے انجینئر ذوالفقارنے الطاف حسین سے کہاکہ ہمیں اللہ کے کرم اورآپ کی کوششوں سے رہائی نصیب ہوئی ، ہم آپ کا احسان عمربھرنہیں بھول سکتے۔دیگرافرادنے بھی اسی قسم کے جذبات کااظہارکیا۔ الطاف حسین نے ان سے کہاکہ ہم نے کسی پر کوئی احسان نہیں کیا، ہم نے اپنافرض اداکیاہے ، اللہ تعالیٰ دیگرلوگوں کوبھی یہ توفیق دے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، دیانتداری اوربے لوثی سے انجام دیں اورمصیبت زدہ لوگوں کی مددکریں۔