14 دسمبر ، 2018
کراچی سمیت سندھ بھر میں آج مسلسل چھٹے روز بھی گیس نایاب ہے جس کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز بند اور گھریلو صارفین کو ملنے والی گیس کا پریشر بھی کم ہے۔
شہر قائد میں گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں جب کہ ٹرانسپورٹر کی غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کے باعث سی این جی بسز بھی سڑکوں پر نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اسکول، کالجز، یونیورسٹی اور دفاتر جانے والے افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب سی این جی کی بندش کے باعث سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہیں، سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے آج بھی سی این جی اور گیس سپلائی معمول پر آنے کا امکان نہیں۔
ادھر پیپلز پارٹی نے گیس کی فراہمی روکنے پر آج سے وفاق کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔