پاکستان
Time 19 دسمبر ، 2018

کراچی میں 2 بچوں کی اموات ریسٹورنٹ کے کھانے سے ہوئی جس میں زہریلے بیکٹیریا پائے گئے


کراچی: مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے گذشتہ ماہ 2 بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور کلفٹن میں واقع ریسٹورنٹ کے 2 ملازمین کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ساحل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کے دو مینیجرز عامر اختر اور عرفان علیم کو گرفتار کیا، جن کے خلاف قتل بالسبب اور شواہد مٹانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ بچوں کی اموات ریسٹورنٹ کے کھانے سے ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں زہریلے بیکٹیریا پائے گئے۔

پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ مالکان کھانے کی فراہمی کے بارے میں صیح جواب نہیں دے سکے  جبکہ ریسٹورنٹ میں مضحر صحت اشیاء کا استعمال ہو رہا تھا۔

ڈی آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ کوشش ہے کہ مالکان کی ضمانت، چالان میں منسوخ ہو۔

ساتھ ہی انہوں نے شہریوں کو ریسٹورنٹ کا کھانا کھانے میں احتیاط کرنے کی بھی ہدایت کی۔

واقعے کا پس منظر

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کلفٹن کے ایک نجی ریسٹورنٹ میں زہریلا کھانا کھانے سے 5 سالہ محمد اور ڈیڑھ سالہ احمد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ مضر صحت کھانا کھانے سے ان کی والدہ عائشہ بھی اسپتال میں زیر علاج رہی تھیں۔

جاں بحق ہونے والے دونوں بچے رواں برس 10 نومبر کی رات اپنی والدہ کے ہمراہ پہلے ایک پلے لینڈ گئے جہاں انہوں نے ٹافیاں، آئس کریم اور چپس کھائے اور اس کے بعد انہوں نے ڈیفنس میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان نے رات 11 بجے کے قریب ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا، جس کے بعد اگلے دن صبح 5 سے 6 بجے کے درمیان دونوں بچوں اور والدہ کی طبیعت خراب ہوئی اور انہیں الٹیاں ہوئیں۔ متاثرین کو اتوار (11 نومبر) کی دوپہر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں بچے دوران علاج دم توڑ گئے جب کہ ان کی والدہ کافی دن وہاں زیرعلاج رہیں۔

پولیس نے فوری تحقیقات کرتے ہوئے ریسٹورنٹ میں چھاپہ مار کر زائدالمعیاد گوشت بھی برآمد کیا تھا، جس کے بعد ریسٹورنٹ کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب تجزیاتی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ میں واقع دکان کی کھانے کی اشیاء مضرِصحت تھیں، جنہیں کھانے سے بچوں کو فوڈ پوائزنگ ہوئی، ان کی حالت خراب ہوئی اور وہ دم توڑ گئے۔

مزید خبریں :