04 اگست ، 2012
کراچی … کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کی ٹرانسمیشن لائنوں میں خرابی کے باعث کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے ای ایس سی کے مطابق 220 کے وی کی 2 اور 132 کے وی کی 3 ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرگئیں جس کے باعث شہر کے 64 میں سے 20 گرڈ اسٹیشن متاثر ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ ترجمان کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ ادارے کی ٹیمیں بجلی کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں اور جلد سپلائی بحال ہوجائے گی۔ ترجمان کے مطابق شہر کا 30 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہے، بجلی سے محروم علاقوں میں گارڈن، جیکب لائن، کورنگی، ڈیفنس ، کلفٹن لیاری، ویسٹ وہارف اورارد گرد کے علاقے شامل ہیں۔ کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں دو گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں۔