پاکستان
Time 11 جنوری ، 2019

نئیں گاج ڈیم کی تعمیر: وزیر توانائی اور وزیر خزانہ سپریم کورٹ میں طلب


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نئیں گاج ڈیم کی تعمیر کیس کی سماعت کے دوران حکم دیا کہ وزیر توانائی، وزیر خزانہ اور سیکرٹری کابینہ کو 15 جنوری کو طلب کرلیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نئیں گاج ڈیم کی تعمیر کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا منصوبہ بندی کمیشن کی سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کی میٹنگ میں ڈیم کی تعمیر کی سفارش قومی اقتصادی کونسل کی ا یگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک) کو کردی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا اس طرح تو یہ معاملہ ایکنک میں جا کر پھنس جائے گا، خواہش تھی کہ میرے ہوتے ہوئے معاملہ حل ہو جاتا، مگر بعض خواہشیں خواہشیں ہی رہ جاتی ہیں۔

جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہا ابھی ایک ہفتہ باقی ہے، یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار 17 جنوری کو ریٹائر ہورہے ہیں۔

عدالت نے وزیر خزانہ، وزیر توانائی اور سیکرٹری کابینہ کو منگل 15 جنوری کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ پیر تک سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کے منٹس عدالت میں پیش کئے جائیں۔

مزید خبریں :