پاکستان
Time 16 جنوری ، 2019

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد مزید تاخیر کا شکار

سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد آج بھی افغان دارالحکومت کابل میں مصروف دن گزاریں گے—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد مزید تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد آج بھی پاکستان نہیں آئیں گے بلکہ افغان دارالحکومت کابل میں مصروف دن گزاریں گے۔

واضح رہے کہ زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد کے شیڈول میں امریکی حکام کی جانب سے 3 بار تبدیلی کی گئی ہے، اس سے قبل شیڈول کے مطابق زلمے خلیل زاد نے گذشتہ سہ پہر پاکستان پہنچنا تھا تاہم شیڈول میں تبدیلی کے بعد زلمے خلیل زاد کی کابل سے اسلام آباد آمد کا وقت رات 9 سے 12 بجے کے درمیان بتایا گیا۔

جسے دوسری مرتبہ تبدیل کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ آج صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان بذریعہ خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچیں گے۔

تاہم اب یہ شیڈول ایک مرتبہ پھر تبدیل کردیا گیا اور سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی سفارتخانے نے زلمے خلیل زاد کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کو آگاہ کردیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد کے ہمراہ امریکی ڈپٹی وزیر خارجہ ایلس ویلز کو بھی پاکستان آنا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر کی معاون خصوصی برائے جنوبی و وسطی ایشیا لیزا کرٹس بھی پاکستان میں موجود ہیں، جو گزشتہ روز پاکستان پہنچی تھیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق لیزا کرٹس کی تاحال دفترخارجہ میں کوئی ملاقات شیڈول نہیں۔

جبکہ ذرائع کے مطابق ایلس ویلز اور زلمے خلیل زاد کی ایک ساتھ ہی وزارت خارجہ میں ملاقاتیں کرائی جائیں گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد باقاعدہ طور پر وفود کی سطح پر دفتر خارجہ میں مذاکرات کریں گے، ان کے دورے کا مقصد افغانستان میں فوجی انخلا اور افغان طالبان سے بات چیت پر مشاورت ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلا کے لیے پہلے مرحلے میں 7 ہزار فوجیوں کی واپسی کا اعلان کیا ہے اور امریکی فوجی انخلا سے قبل طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے کئی دور بھی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :