پاکستان
05 اگست ، 2012

ہم نیا پاکستان بنائینگے، خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دینگے،نواز شریف

ہم نیا پاکستان بنائینگے، خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دینگے،نواز شریف

لاہور … مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے، ملکی خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ماضی گزرچکا ، مستقبل ہمارا منتظر ہے، انشاء اللہ پاکستان کو پہلی 10 معیشتو ں میں لاکھڑا کردیں گے، پاکستان تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، ہم نیا پاکستان بنائیں گے۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ 65 سال گزر جانے کے بعد بھی ملک کے حالات نہیں بدلے، ملک چلانے کیلئے حکمران دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے اس کا قصوروار پاکستان کو ٹھہرایا جاتا ہے، ہر روز کرپشن کا نیا اسکینڈل میڈیا کی زینت بن رہا ہے، پاکستان کو اس حالت میں پہنچانے کے اصل ذمے دار ہم خود ہیں، آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے۔ سربراہ مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ مشرقی پاکستان چھینا گیا، باقی پاکستان بھی کمزور ہوگیا، لوڈشیڈنگ نے ملک کے مستقبل کو تباہ کردیا، کرپشن زوروں پر ہے، عدلیہ کو داوٴ پر لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی گزر چکا ہے مستقبل ہمارا منتظر ہے، انشاء اللہ پاکستان کو پہلی 10 معیشتو ں میں لاکھڑا کردیں گے، ملکی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ صدر ن لیگ نواز شریف نے تقریر میں کہا کہ ہمارے ماہرین نے کئی شعبوں میں روڈ میپ تیارکرلیا ہے، لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بڑا سنگین ہے، 6 ماہ میں قابو پانے کی کوشش کریں گے، پاکستان تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، ہم نیا پاکستان بنائیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ الیکشن کیلئے متفقہ چیف الیکشن کمشنر بنا ہے، ہم نے حکومت کو مجبور کیا جس کی وجہ سے اچھا چیف الیکشن کمشنر لگا، عدلیہ کو بحال کرانے کیلئے مسلم لیگ ن نے وکلاء کے ساتھ لانگ مارچ کیا تھا۔

مزید خبریں :