Time 08 فروری ، 2019
پاکستان

گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ مشیروں کی تقرری کے معاملے پر آمنے سامنے آگئے

گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ایک دوسرے کے مشیر کی تقرری سے متعلق سمری روک لی۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ میں مشیروں کی تعیناتی کے معاملے پر گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ آمنے سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق گورنر عمران اسماعیل نے اعجاز جاکھرانی کو وزیراعلیٰ کا مشیر بنانے سے متعلق سمری روک دی، اس سے قبل وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے گورنر کی جانب سے مشیر کی تعیناتی کے لیے بھیجی گئی سمری روک لی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ رہنما تحریک انصاف امید علی جونیجو کو مشیر بنانا چاہتے ہیں اور اس تقرری کی سمری ڈھائی ماہ سے وزیراعلیٰ سندھ نے روک رکھی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کوششوں کے باوجود گورنر سندھ کو نہ مناسکے جب کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی گورنر سندھ کے رویے سے شدید ناراض ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ گورنر سندھ کو مشیر مقرر کرنے کا قانونی اختیار نہیں اور اس معاملے پر گورنر و وزیراعلیٰ کے درمیان رسہ کشی جاری ہے۔

مزید خبریں :