06 اگست ، 2012
لاہور … ایف آئی اے نے جعلی پاسپورٹ اسکینڈل سے متعلق برطانوی رپورٹ غلط قرار دیدی، وفاقی تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ محمد علی اسد نے جعلی دستاویزات سے برطانوی پاسپورٹ بنوایا، محمد علی اسد اور اسد علی دو مختلف افراد ہیں، معاملے کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے نے 2 رکنی ٹیم بنادی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جعلی پاسپورٹ اسکینڈل سے متعلق برطانوی رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد علی اسد نے جعلی دستاویزات کے ذریعے برطانوی پاسپورٹ بنوایا تھا۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ برطانوی محکمہ امیگریشن کو معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے، محمد علی اسد اور اسد علی دو مختلف افراد ہیں، پاکستان کا مشین ریڈ ایبل سسٹم درست جبکہ برطانوی نظام خراب ہے۔ برطانوی محکمہ داخلہ نے پاکستان کے مشین ریڈایبل سسٹم کوناقص قراردیاتھا۔ دوسری جانب جعلی پاسپورٹ اسکینڈل سے متعلق تحقیقات کیلئے ایف آئی اے نے 2 رکنی ٹیم بنادی جس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر امیگریشن اسلام آباد شامل ہوں گے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم 2 دن میں لندن روانہ ہوگی ، جہاں وہ برطانوی امیگریشن، وزارت داخلہ اور سینئرحکام سے معلومات حاصل کرے گی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کی محمدعلی اسد سے ملاقات کا بھی امکان ہے، ٹیم ملاقات میں اسے سوال نامہ دے گی۔