06 اگست ، 2012
اسلام آباد … پیپلز پارٹی کے سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف نیوز کانفرنس اور ٹی وی پروگرام میں عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز بیان دینے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست طارق اسد ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے جس میں موٴقف اختیار کیا گیاہے کہ سینیٹر فیصل رضا عابدی نے 2 اگست کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام اور 5 اگست کو نیوز کانفرنس میں عدلیہ، بالخصوص چیف جسٹس پاکستان کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی جس کی پہلے مثال نہیں ملتی۔ فیصل رضا عابدی نے توہین عدالت قانون سے متعلق عدالتی فیصلے پر بھی تنقیدبھی کی، وہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، کارروائی کی جائے۔ درخواست میں قائم مقام چیئرمین پیمرا عبدالجبار اور نجی ٹی وی چینل کے میزبان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔