06 اگست ، 2012
کوئٹہ…قائم مقام صدر بلوچستان نیشنل پارٹی ڈاکٹر جہانزیب نے کہا ہے بلوچستان کے مسئلہ پر کمیٹیاں بنانا صرف وقت کا ضیاع ہے، گذشتہ چار سالوں سے کئی کمیٹیاں بنیں نتیجہ کچھ نہیں نکلا، ڈاکٹرجہانزیب جمال دینی نے یہ بات کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پانچواں آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن کے نام پر عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان تاریخ کے بدترین حالات سے دوچار ہے جہاں بلوچ سیاسی رہنماؤں و کارکنوں اوردانشوروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، صوبے میں ٹارگٹ کلنگ، مسخ شدہ لاشیں پھینکنے اور اغواء برائے تاوان کا سلسلہ جاری ہے جبکہ موجودہ بحرانی کیفیت حکمرانوں کی ناکامی اور نااہلی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے بلوچوں کے حوالے سے الزامات من گھڑت ہیں جن کا مقصد صوبے میں بڑے آپریشن کے لئے راہ ہموار کرنا ہے اور اس وقت ہمارے کسی حکومتی نمائندے سے مذاکرات نہیں ہورہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں پر اعتبار کرنا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے ۔