15 فروری ، 2019
دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سُپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز نے 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف باآسانی 19.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، حسین طلعت 37، لیوک رونچی 27 اور کیمرون ڈیلپورٹ نے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ آصف علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 36 اور فہیم اشرف نے 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے راحت علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کارلون بریتھ وٹ ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپنر فخر زمان 65 رنز بناکر نمایاں رہے، سہیل اختر 37، اے بی ڈیویلیئرز 24 اور اینٹون ڈیوچ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل یہ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل میں 6 بار مدمقابل آئیں، 3 مرتبہ اسلام آباد نے میدان مارا تو 2 بار بازی جیتی لاہور قلندرز نے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔