Time 22 فروری ، 2019
کھیل

لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دیدی


شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں لاہور قلندرز دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا اور اوپننگ جوڑی نے ہی شاندار شراکت قائم کی۔

جیمس ونز نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 84 رنز بنائے جب کہ عمر صدیق نے نصف سنچری بنائی اور 53 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

ملتان سلطانز کی اوپننگ جوڑی نے 135 رنز کی شراکت قائم کی اور جیمس ونز لمی چنے کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈویس وننگ اسٹروک کھیلنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو: پی ایس ایل

ملتان الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بناکر لاہور قلندرز کو پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔ 

سلطانز کی جانب سے جیمس ونس 84 اور عمر صدیق 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سندیپ لمی چنے نے 3، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قلندرز  سلطانز کی جانب سے دیا گیا 201 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔

لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز سہیل اختر اور فخر زمان نے کیا لیکن سہیل اختر زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سلمان بٹ بھی صرف 17 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

فخر زمان نے 35 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ آغا سلمان صرف دو رن ہی بنا سکے۔

106 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ڈیوڈ ویس اور اے بی ڈویلیئرز نے وکٹ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔

قلندرز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 9 رنز درکار تھے اور آخری گیند پر جیت کے لیے تین رنز درکار تھے جو ڈیوڈ ویس نے ڈینئل کرسچن کو زوردار چھکا لگا کر پورے کیے اور اس طرح ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز نے دوسری جیت اپنے نام کی۔

مزید خبریں :