کوئٹہ کی 8 ماہ سے خشک ہنہ جھیل کی رونقیں بارشوں کے بعد لوٹ آئیں

— فوٹو: جیو نیوز 

کوئٹہ: 8 ماہ سے خشک ہنہ جھیل کی بارشوں کے بعد رونقیں بحال ہوگئیں۔

کوئٹہ کے نواح میں تقریباً 18 کلومیٹر کےفاصلے پر واقع ہنہ جھیل گزشتہ سال اگست میں ایک سال سے جاری خشک سالی کے باعث خشک ہوگئی تھی۔

گزشتہ ماہ کے وسط میں ہوئی بارشوں سے جھیل کی زمین تو نرم ہوگئی تھی تاہم جھیل کی سطح پانی سے محروم رہی مگر اب تین روز کی مسلسل بارشوں اور شدید برفباری کے بعد ہنہ جھیل میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت جھیل پانی سے تقریباً بھرگئی ہے۔

جھیل میں پانی بھرجانے سے رونقیں ایک بار پھر لوٹ آئی ہیں اور سیروتفریح کیلئے آنے والے سیاحوں کارش بھی بڑھ گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق جھیل میں نواحی پہاڑوں سے پانی کی آمد کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہےگا جس سے جھیل میں پانی کی سطح مزید بلند ہوگی۔

جھیل کی رونقیں بحال ہونے کے بعد کینوئنگ اور روئنگ پر مشتمل آبی کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہونےکا بھی امکان ہے جب کہ ماہرین ماحولیات کے مطابق جھیل بھرجانے کے بعد آبی پرندوں کی آمد کا رکا ہوا سلسلہ بھی دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

مزید خبریں :