وزیراعظم عمران خان نے ملک کی پہلی قومی ٹیرف پالیسی کی منظوری دے دی

پالیسی کا مقصد ٹیرف نظام کے پورے ڈھانچے میں شفافیت، پیشگوئی کو یقینی بنانا اور اسے ادارہ جاتی شکل دینا ہے— فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک کی پہلی قومی ٹیرف پالیسی کی اصولی منظوری دے دی، پالیسی کا مقصد ٹیرف نظام کے پورے ڈھانچے میں شفافیت، پیشگوئی کو یقینی بنانا اور اسے ادارہ جاتی شکل دینا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے پالیسی کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فریقین کے ساتھ تفصیلی اور جامع بات چیت کے بعد وضع کردہ قومی ٹیرف پالیسی کا بنیادی مقصد خام مال تک رسائی کے ذریعے مسابقت کو بہتر بنانا، شفاف انداز میں سرمایہ کاری راغب کرتے ہوئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا، قابل پیشگوئی ٹیرف نظام وضع کرنا اور ٹیرف ڈھانچے میں خامیوں کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد پالیسی اصولوں میں تجارتی پالیسی دستاویز کی حیثیت سے ٹیرف سمیت استثنات و رعایتوں میں کمی، کسی پروڈکٹ کی پراسیسنگ کے مرحلے کے ساتھ مناسب ٹیرف ڈھانچہ وضع کرنا، ملکی صنعت کا تحفظ یقینی بنانا اور مسابقانہ درآمدی متبادل شامل ہیں۔

سیکریٹری تجارت نے بتایا کہ نئی پالیسی وزارت تجارت میں وسیع البنیاد ٹیرف پالیسی سینٹر کے قیام کی حامل ہے جو قومی ٹیرف پالیسی کے مقاصد کی روشنی میں بہتر ٹیرف ڈھانچہ کیلئے تجاویز وضع کرے گا۔

وزیراعظم نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جامع ٹیرف پالیسی مرتب کرنے پر وزارت تجارت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفافیت، پیشگوئی اور ٹیرف کے تعین کیلئے ادارہ جاتی ڈھانچہ کی فراہمی سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت بالخصوص تجارت اور صنعتی ترقی کو ماضی میں ایڈہاک ازم اور ٹیرف ڈھانچے کی پیشگوئی نہ ہونے کی وجہ سے بہت نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں مفاد پرست عناصر اور بڑے پیمانے پر بدعنوانی نے معیشت کو جکڑ لیا۔

مزید خبریں :