07 اگست ، 2012
لاہور…لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں مجموعی طور پر 1ارب10کروڑ47لاکھ کی لاگت سے 9ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے،یہ منظوری آج ایڈمنسٹریٹر چیئرمین ایل ڈی اے نورالامین مینگل کی زیر صدارت منعقدہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں دی گئی،جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں جوہر ٹاوٴن ای بلاک تا ڈاکٹرزاسپتال روڈ ،بھیکے وال جنکشن (فلاور شاپ )تا کیمپس کینال پل ، خیابان جامعہ پنجاب کی تعمیر نو اور توسیع ،سیکٹر بی ون قائد اعظم ٹاوٴن لاہور میں المدینہ روڈ کی تعمیرو توسیع ،سبزہ زار سکیم میں لیاقت چوک تا کھاڑک ڈرین روڈ کی بہتری ،شوکت خانم اسپتال چوک تا رائیونڈ روڈ جناح ایونیو پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ،جوہر ٹاوٴن میں کھمبا ڈسٹری بیوٹری کے ساتھ ساتھ نرسری چوک تا جنوبی بائی پاس ، گجر پورہ سکیم میں ماڈل بازار کے نزدیک چھوٹی راوی ڈرین کے اوپر پل کی تعمیر، فیروزپور روڈ لاہور برج تا پیکو گول چکر جبکہ لال پل کراسنگ پر ٹریفک سرکولیشن پلان کے تحت کینال بینک روڈ کی تعمیرو توسیع شامل ہیں،ڈی سی او نے ان منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور انہیں بروقت مکمل کیا جائے۔