07 اگست ، 2012
لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نماڈاکٹر فاروق ستار کا کہناہے کہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا مقصد ملک کو بحران سے نکالنے کیلیے انہیں متحد کرنا ہے، تحریک انصاف کے رہ نماوں سے مل کر پتہ چلا کہ دونوں جماعتوں کی سوچ ایک ہے،وہ عمران خان کو نائن زیرو کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کے وفدنے ڈاکٹر فاروق ستارکی قیادت میں لاہورمیں تحریکِ انصاف کے رہنماوٴں مخدوم جاویدہاشمی اورشاہ محمودقریشی سے ملاقات کی،بعد میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے فاروق ستارنے کہاکہ 18 ویں ترمیم سے متعلق رضا ربانی کی بات میں وزن ہے،اس ترمیم پر عمل درآمد نہ ہونے پر تحفظات ہیں،جس پروہ صدرزرداری سے بات کرینگے،فاروق ستارکا کہناتھاکہ ملک پر اس وقت کئی خطرات منڈلارہے ہیں اورسیاسی جماعتوں سے بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔تحریک انصاف کے رہ نمامخدوم جاویدہاشمی نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کاایک قومی ایجنڈ بھی ہونا چاہیے،ملک کو لوڈشیڈنگ، امن وامان اور مہنگائی سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔