Time 21 مارچ ، 2019
پاکستان

کراچی: حسن اسکوائر پر عمارت میں آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق



کراچی: حسن اسکوائر کے قریب عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے حسن اسکوائر کے قریب یونیورسٹی روڈ پر عمارت کی بالائی منزلوں میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات شروع کیے تاہم اس دوران ایک شخص نے جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں جناح بھیج دیا گیا۔

جناح اسپتال حکام کے مطابق حادثے میں 2 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئیں جب کہ 3 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے برنس سینٹرل منتقل کردیا گیا ہے۔

آگ پر قابو پانے کے لیے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کی بھی معاونت طلب کی گئی اور چند گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کےمطابق آتشزدگی کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ چھلانگ لگاکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہےکہ آگ پر پوری طرح قابو پالیا گیا ہے اور بلڈنگ کو بھی مکمل طور پر خالی کرکے کولنگ کا عمل جاری ہے۔

مزید خبریں :