25 مارچ ، 2019
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے آئی ایم ایف کو شرائط میں نرمی پر آمادہ کرلیں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے نئے مشن چیف ارنسٹو ریمریز آج رات پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ کل وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کریں گے جس میں متوقع مالی پیکیج پر بھی بات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن چیف، اسٹیٹ بینک سمیت اقتصادی ٹیم سے بھی ملیں گے، اُنہیں پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
اس حوالے سے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے، امید ہے آئی ایم ایف کو شرائط میں نرمی پر آمادہ کر لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ ڈالر مارکیٹ ریٹ پر لایا جائے، بجلی اور گیس کے نقصانات کم کیے جائیں اور سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کیا جائے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب آچکے ہیں اور اختلافات کم ہو چکے ہیں۔