09 اگست ، 2012
فیصل آباد …فیصل آباد میں پسند کی شادی قدیر نے کی اورپولیس نے اُس کے بھائی منیر کی چھترول کردی۔ ایس ایس پی نے واقعے کی تحقیقات کے لئے ٹیم تشکیل دے دی۔پولیس تشدد کا یہ واقعہ فیصل آباد کے علاقے منصور آباد میں پیش آیا جہاں پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر اغواء کے ملزم قدیر کے نہ ملنے پر اُس کے بھائی منیر کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ نوجوان کی والدہ رخسانہ بی بی کا کہنا ہے کہ تھانہ منصورآباد پولیس نے ان کے بیٹے قدیر کی گرفتاری کے لئے گھر پر چھاپہ مارا۔ تاہم قدیر کی عدم موجودگی پر اس کے بھائی منیر کو لے گئی اور شدید تشدد کیا۔رخسانہ بی بی کے مطابق ان کے بیٹے قدیر نے پسند کی شادی کی تھی، اور اپنی بیوی کولے کر گھر سے چلا گیا تھا، اُن کا قدیر سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ قدیر کے خلاف لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج ہے جس میں وہ اشتہاری ہے۔ جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ایس ایس پی آپریشن نے منیر پر تشدد کی تحقیقات کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔