09 اگست ، 2012
اسلام آباد…وزیر اعظم کو توہین عدالت کا شو کاز نوٹس ملنے کے بعد پیپلز پارٹی کے کیمپ میں سرگرمیاں بڑھ گئیں ہیں۔ وزیراعظم نے ارکان پارلے منٹ کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جبکہ دوسری طرف چوہدری برادران کی صدر آصف زرداری کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں مختلف سیاسی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے دئے گئے افطار ڈنر میں پیپلز پارٹی کے اراکین پارلیمینٹ وزرا ء پر پھٹ پڑے اورشکایت کی کہ وزرا ان کی بالکل نہیں سنتے، حلقے کے عوام ناراض ہیں کہ پی پی ارکان اسمبلی مسائل حل نہیں کرپارہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزرا کو ارکان پارلیمنٹ کی شکایات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ افطار ڈنر میں مسلم لیگ ن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ ایوان صدراسلام آباد سے جاری ہونے والے پریس ریلیز کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے صدر زرداری سے ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور اتحاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔