Time 27 اپریل ، 2019
پاکستان

بلین ٹری منصوبے میں مبینہ کرپشن: فردوس عاشق اور مریم آمنے سامنے

ترجمان ن لیگ بتائیں جب سے ضمانت ملی ہے میاں صاحب کے دل کی حالت کیسے ٹھیک ہوگئی ہے؟، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: بلین ٹری منصوبے میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب اور وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان آمنے سامنے آگئیں۔ 

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ایک ارب میں سے 90 فیصد پودے غائب ہیں اور 10 کروڑ پودوں کو بھی 5 ارب بنا دیا گیا ہے، شائد زبان پھسل گئی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھروں کا خواب دیکھنے والوں کیلئے گھبرانے کا وقت ہو گیا ہے، پانچ ارب درخت اُسی سیارے پر لگائے گئے جہاں 50 لاکھ گھر تعمیر ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 سال کے ڈرامے کی حقیقت روز عوام کے سامنے عیاں ہو رہی ہے۔

’حکومت کے سیاسی مخالفین نے یکطرفہ دورہ کرکے اپنی مرضی کی رپورٹ دی‘

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ردعمل میں کہنا ہے کہ ووٹوں کی گنتی سے شکست خوردہ عناصر درختوں کی گنتی کرکے سیاسی نشہ پورا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترجمان ن لیگ بتائیں جب سے ضمانت ملی ہے میاں صاحب کے دل کی حالت کیسے ٹھیک ہوگئی؟

ان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی کے بارے میں اپوزیشن ارکان کی نام نہاد رپورٹ خیبرپختونخوا میں پولیو ڈرامے کی طرز پر ایک اور ڈرامہ ہے، حکومت کے سیاسی مخالفین نے یکطرفہ دورہ کرکے اپنی مرضی کی رپورٹ دی جو حقائق پر مبنی نہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلین ٹریز سونامی منصوبے میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور گھپلوں کے انکشاف پر پارلیمنٹ کی انکوائری کمیٹی نے بنوں کا دورہ کیا تھا۔

کمیٹی کے رکن اکرم درانی نے انکشاف کیا کہ ایک ارب سے زائد درخت لگانےکا دعویٰ کرنے والے دس کروڑ درخت بھی نہیں لگاسکے ہیں۔

مزید خبریں :