کھیل
Time 04 مئی ، 2019

شاہد آفریدی کی کتاب کی باتیں سن کر ہنسی آتی ہے: جاوید میانداد

میں نے کتاب کے تمام پیسے چیرٹی کو دیئے اور لوگ کتابوں سے پیسے بنا رہے ہیں: میانداد۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی کی کتاب کی باتیں سن کر ہنسی آتی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ڈپارٹمنٹل ٹیمیں بند کر کے ملک کھیلوں کے میدانوں میں نام روشن نہیں کر سکتا۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عمران خان جہاں سے آپ نے ووٹ لیے وہیں کے کھلاڑی بے روزگار ہو رہے ہیں، کھیلوں کے باعث نوجوان بُری سرگرمیوں سے دور رہتے ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی کتاب ’گیم چینجر‘ کے اقتسابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے نامناسب رویہ اختیار کیا، آفریدی نے کتاب کی فروخت کے لیے شاہد نے ایسا لکھا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی اب بدل چکے ہیں، شاہد آفریدی پہلے بول بھی نہیں سکتے تھے، شاہد آفریدی پہلے کچھ تھے اب کچھ اور ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر میں نے کسی کے ساتھ زیادتی کی تو معافی مانگتا ہوں، مجھے عزت اللہ نے دی ہے اور میرے لیے قوم دعائیں کرتی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کوچ نے کہا کہ شاہد آفریدی نے کینیڈا میں جو 100 رنز بنائے، میں انہیں سمجھاتا رہا، صلو بھائی سے پوچھیں کہ شاہد آفرید ی کو کون گائیڈ کرتا رہا۔

جاوید میانداد نے کہا کہ شاہد آفریدی کی کتاب کی باتیں سن کر ہنسی آتی ہے، میں نے کتاب کے تمام پیسے چیرٹی کو دیئے اور لوگ کتابوں سے پیسے بنا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے اپنی سوانح حیات ’گیم چینجر‘ میں بہت سے انکشافات کیے ہیں جس میں انہوں نے جاوید میانداد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور کوچ وہ مجھے پسند نہیں کرتے تھے۔

شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں مزید لکھا کہ دنیا جاوید میانداد کو بڑا کھلاڑی مانتی ہے لیکن وہ بہت چھوٹے آدمی ہیں۔

اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں وقار یونس اور شعیب اختر سے متعلق بھی باتیں لکھ کر نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

مزید خبریں :