07 مئی ، 2019
وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی ملاقات ہوئی ہے جس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسد عمر کو دوبارہ وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کی کوششوں کی کڑی ہے۔
سابق وزیر خزانہ اسدعمر کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کیلئے وزیر ریلوے شیخ رشید بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں اور آج صبح بھی انہوں نے اسلام آباد میں اسد عمر سے ملاقات کی۔
شیخ رشید ، اسد عمر کو کابینہ میں لانے کیلئے منانے کا مشن اپنے ذمہ لے چکے ہیں اور دونوں کی اب تک تین ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
آج صبح دونوں کی ملاقات کے بعد اسد عمر وزیراعظم عمران خان سے بھی ملے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر کی وزیراعظم سے ملاقات انہیں واپس وفاقی کابینہ میں لانے کی کوششوں کا ہی حصہ ہے۔
یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ اسد عمر جلد وفاقی کابینہ کا حصہ ہوں گے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر نے تاحال وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کی حامی نہیں بھری ہے۔
یاد رہے کہ اسد عمر گزشتہ ماہ 18 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر وفاقی وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔
اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کہا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں وزارت خزانہ کی بجائے توانائی کا قلمدان سونپنے کی خواہش ظاہر کی لیکن انہوں نے کوئی بھی وزارت لینے سے معذرت کر لی تھی۔