15 مئی ، 2019
اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری نے حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کی بجائے سڑکوں پر تحریک چلانے کا عندیہ دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے ایک بار پھر کہا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔
ایمنیسٹی اسکیم سے متعلق ان کاکہنا تھا کہ ماضی کی اور موجودہ ایمنیسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں، جس کے پاس تھوڑے بہت پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کرلے گا۔
ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ بلاول بھٹو شہید بی بی کا بیٹا ہے،وہ انگاروں پر چل جائےگا۔
حکومت مخالف احتجاج پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔