پاکستان

میں وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا ایک مقدمہ اس کرسی پر بھی بنادیں، نواز شریف

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ رہا، تین بار ملک کا وزیراعظم رہا، ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی— فوٹو: فائل

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ آج بھی نہیں جانتے کہ کس مقدمے میں جیل میں ہیں، اب بلٹ پروف گاڑیوں کا مقدمہ بنا دیا گیا ہے، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا رہا، ایک مقدمہ اس کرسی پر بھی بنادیں، کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو واپس لینے سے انکار کر دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ رہا، تین بار ملک کا وزیراعظم رہا، ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، آج بھی معلوم نہیں کس مقدمے میں جیل میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اتنے مقدمات بنائے گئے لیکن کرپشن نہ ڈھونڈ سکے اب بلٹ پروف گاڑیوں کا مقدمہ بنا دیا، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا رہا ایک مقدمہ اس کرسی پہ بھی بنا دیں۔

نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں میں کیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ کرجانے والوں کو پارٹی میں واپس نہیں لیں گے۔ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے ملکی صورت حال کے بارے میں استفسار کیا تو انہیں مہنگائی اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

اس پر نواز شریف نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی، عوام ہمارے دور یاد کرکے ہمارے اقدامات کو سرا رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو کے افطار ڈنر اور ن لیگ کے پارٹی اجلاس کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام جماتیں حکومت کے خلاف احتجاج کے موڈ میں ہیں، حتمی فیصلہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں آل پارٹیز کانفرنس میں ہوگا۔

جب شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی سخت احتجاج کے موڈ میں ہے تو نواز شریف مسکرادیے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔

جمعرات کا روز سابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں ملاقات کیلئے مختص ہے۔ لیگی رہنما رانا ثناءاللہ، مشاہداللہ خان، پیر صابر شاہ اور دیگر نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچے تو اس موقع پر وہاں موجود متوالوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

مزید خبریں :