کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کی انتہائی درجے تک موجودگی کا انکشاف

 شہر سے رواں سال 2 پولیو کے کیسز سامنے آ چکے ہیں: انسداد پولیو سیل۔ فوٹو: فائل 

کراچی میں پولیو وائرس کی موجودگی انتہائی درجے تک بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے اور پہلی بار شہر کے 10 سے زائد مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انسداد پولیو سیل کی جانب سے کئے گئے ماحولیاتی نمونوں کے سروے نے شہر کے 10 سے زائد مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس سامنے آنے کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

جیو نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق شہر کے جن علاقوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون سامنے آیا ہے ان میں صدر، گڈاپ، گلشن اقبال، کورنگی، لانڈھی، بلدیہ، لیاقت آباد، سائٹ ایریا، اورنگی اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

 گزشتہ دو ماہ میں سب سے زیادہ گڈاپ کے مختلف مقامات سے 6،گلشن اقبال سے 4، صدر، لانڈھی اور اورنگی کے دو، دو مقامات جب کہ بلدیہ،کورنگی، لیاقت آباد اور سائٹ ایریا کے علاقے کے سیوریج کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔

ترجمان ایمرجینسی آپریشن سیل کے مطابق شہر سے رواں سال 2 پولیو کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ 

خیال رہے کہ تمام مقامات پر وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون سامنے آیا ہے جو پاکستان میں بچوں کی زندگیوں کو متاثر کرنے کا باعث بن رہا ہے۔

مزید خبریں :