10 اگست ، 2012
کوئٹہ…ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جعفرآباد کی عدالت نے جعلی ڈگری کیس کے مقدمہ میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین خان کھوسہ کو 2، سال قید اور 5، ہزار جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔عدالتی ذرائع کے مطابق سیشن جج جعفرآباد محمد ایمل کاکڑ کی عدلت نے جعلی ڈگری مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سابق رکن اسمبلی میر ظہور حسین خان کھوسہ کو دوسال قید اور 5، ہزار جرمانہ کی سزاء کا حکم سنایا۔جنھیں ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ بھیج دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے موجودہ صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور میر عبدالرحمٰن خان جمالی کی طرف سے ان کے خلاف جعلی ڈگری کی دائر درخواست میں سپریم کورٹ نے 30، جولائی 2010، کو انھیں نااہل قرار دے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس پر پولیس تھانہ جعفرآباد میں ڈپٹی الیکشن کمشنرمحمد افضل کی مدعیت میں 29، دسمبر 2011کو دفعہ 82/78، 200/199، 471، کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا۔ عدالتی فیصلہ کے فورا بعد مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء کو ان کے حامیوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل جعفرآباد منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین سمجھ رہے ہیں کہ انھیں جیل کی سلاخوں میں بند کرکے وہ الیکشن جیت جائیں گے۔ مگر عوام اور نوجوانوں کی قوت میرے ساتھ ہے۔میں اپنے خلاف ہونے والی ہرسازش کا بھر پور مقابلہ کروں گا۔ اور فیصلہ آخر عوام ہی نے دیناہے۔