08 جون ، 2019
پی آئی اے کا طیارہ خوفناک حادثے سے اس وقت بال بال بچ گیا جب ایک خاتون مسافر نے مانچسٹر ائیرپورٹ پر کھڑے طیارے کا ہنگامی حالت میں استعمال ہونے والا دروازہ کھول دیا۔
مانچسٹر ائیر پورٹ پر پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ رن وے پر کھڑا ہوا تھا کہ طیارے میں موجود مسافر خاتون نے ہنگامی حالت میں استعمال ہونے والا دروازہ باتھ روم کا دروازہ سمجھ کر کھول دیا۔
دروازہ کھلتے ہی طیارے کا شوٹ کھل گیا جس کے نتیجے میں خاتون مسافر طیارے سے باہر گرنے سے بال بال بچ گئیں۔
پی آئی اے کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ پی کے 702 کی فلائٹ پر پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق اگر ہنگامی حالت میں استعمال ہونے والا دروازہ دوران پرواز کھل جاتا تو طیارے میں موجود 37 مسافروں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ عملے کی کمی کی وجہ سے پیش آیا، طیارے پر 16 کی بجائے 10 رکنی عملہ ڈیوٹی کر رہا تھا کیونکہ پی آئی اے انتظامیہ نےکم کیبن کریو کے ساتھ پرواز آپریٹ کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔
ذرائع ائیر لائن کا کہنا ہے کہ کیبن کریو کی مطلوبہ تعداد کم از کم کرنےکے بعد فلائٹ آپریٹ کرنے کی وجہ سے حفاظتی معیار پر سمجھوتہ ہو رہا ہے۔
پی آئی اے کا طیارہ اسلام آباد سے مانچسٹر پہنچا تھا اور حادثے کے بعد طیارہ سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد 7 گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوا۔