10 اگست ، 2012
اسلام آباد … ڈائریکٹر جنرل موسمیات نے مون سون بارشو ں کی نئی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ بالائی علاقوں میں معمول سے 20 فیصد اور جنوبی علاقوں میں 40 فیصد کم بارشیں ہوں گی، حالانکہ جون میں محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بارشیں زیادہ ہوں گی۔ ڈائریکٹر جنرل موسمیات عارف محمود نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون بارشیں معمول سے 20 فیصد کم ہوں گی جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں، سندھ اور بلوچستان میں 40 فیصد کم بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ڈی جی موسمیات نے سیلاب کے خدشے سے متعلق سوال پر کہا کہ ان بارشوں سے دریاوٴں میں سیلاب کا خدشہ نہیں تاہم ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ ڈی جی موسمیات نے جون میں پیش گوئی کی تھی کہ اس بار مون سون بارشیں معمول سے 5 سے 15 فیصد زیادہ ہوں گی۔