10 اگست ، 2012
راولپنڈی … حج کرپشن کیس کے ملزم سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے ضمانت کیلئے اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی کی عدالت میں درخواست جمع کرادی جبکہ سابق ڈی جی حج راوٴ شکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے منجمد اکاوٴنٹ بحال کئے جائیں۔ راولپنڈی میں اسپیشل جج سینٹر ل کی عدالت میں آج سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامدسعید کاظمی، سابق ڈی جی حج راوٴ شکیل اور آفتاب اسلام راجا عدالت میں پیش ہوئے۔ وفاقی وزیر حامدسعید کاظمی کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی گئی، جس میں موٴقف اختیار کیا گیا کہ اگر کسی مقدمے کا ٹرائل ایک برس بعد بھی مکمل نہیں ہوتا اور اس کے خلاف کوئی واضح ثبوت بھی سامنے نہیں آتا تو اسے ضمانت کا حق حاصل ہوتا ہے جبکہ حامد سعید کاظمی کو گرفتار ہوئے سوا برس سے زائد عرصہ ہوچکا ہے اور استغاثہ کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، اس لئے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ سماعت کے دوران راوٴ شکیل سابق ڈی جی حج کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ان کی درخواست کو زیر غور لاتے ہوئے ان کے منجمد اکاوٴنٹس بحال کئے جائیں۔ عدالت نے ضمانت اور اکاوٴنٹس بحالی کی درخواستوں پر غور آئندہ سماعت تک ملتوی کرتے ہوئے تحقیقاتی افسر کو حکم دیا کہ وہ اکاوٴنٹس سے متعلق رپورٹ بھی آئندہ سماعت پر جمع کرائیں، جس کے بعد مزید گواہوں کے بیانات قلم بند کئے جائیں گے۔ مقدمے کی مزید سماعت اب 16اگست کو ہوگی۔