10 اگست ، 2012
کراچی … مسلم لیگ (ن ) کے چیئرمین راجا ظفرالحق نے کہا ہے کہ کہ پیر صاحب پگارا کا ہمیشہ پاکستان کی سیاست میں اہم کردار رہا ہے اور ان سے رابطوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ راجا ظفر الحق کے ہمراہ مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنماء اقبال ظفر جھگڑا اور مشاہد اللہ خان ملاقات کیلئے راجا ہاوٴس کراچی پہنچے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے پیر پگارا سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں راجا ظفرالحق نے پیر صاحب پگارا کے خاندان کی پاکستان کیلئے قربانیاں بہت زیادہ ہیں ان کی سیاست پاکستان کے مفاد کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر پگارا کی سوچ مثبت ہے اور آئندہ بھی یہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ نواز کے وفد نے پیر پگارا کو میاں نواز شریف کی جانب سے لاہور آنے کی دعوت دی۔