10 اگست ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں بسنے والے ہندو خاندانوں میں عدم تحفظ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کی شکایات کے ازالے اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر زرداری نے ہندو برادری میں پائے جانے والے عدم تحفظ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہندو برادری کی شکایات فوری دور کر کے رپورٹ دینے کی ہدایات دیں۔ صدر زرداری نے ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو صدر زرداری اور حکومت کی طرف سے سندھ کے مختلف علاقوں میں ہندو برادی سے ملاقات کر کے نہ صرف ان سے اظہار یکجہتی کرے گی بلکہ انہیں ہر ممکن تحفظ کی یقین دہانی بھی کرائے گی۔ کمیٹی میں سینیٹر ہری رام، رکن قومی اسمبلی لعل چند اور وفاقی وزیر مولا بخش چانڈیو شامل ہیں۔