’حکومت کے مشکل فیصلوں کو کامیاب کرنے کیلئے سب کو ذمہ داری ادا کرنی چاہیے‘


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ حکومت نے طویل مدتی فوائد کے حصول کے لیے مشکل اور نتیجہ خیز فیصلے کیے لہٰذا حکومت کے مشکل فیصلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے سب کو مل کر ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ’قومی معیشت‘ پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سمیت دیگر معاشی ماہرین نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے، حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی قومی اہمیت کے معاملات پر بات چیت ضروری ہے، ملک مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے، ماضی میں مشکل فیصلے نہ کرنے سے مشکلات بڑھ گئی ہیں، ماضی میں ہم مشکل فیصلے کرنے سے کتراتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک قوم بننے کا ہے، ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے، حکومت نے طویل مدتی فوائد کے حصول کے لیے مشکل اور نتیجہ خیز فیصلے کیے، ہم سب کو مشکل حکومتی اقدامات کی کامیابی کے لیے ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی، مشکل حالات میں کوئی فرد واحد قومی اتحاد کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی کے لیے علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا، ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں، مشکل فیصلے کرنے سے مختلف ملک معاشی بحران سے کامیابی سے نمٹے، ماضی قریب میں ایسی مثالیں موجود ہیں جب مختلف ممالک کو اس طرح کےچیلنجز کا سامنا رہا، معاشی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے سب کو ذمہ داری پوری کرنا ہوگی، ان شااللہ ہم ان مشکل حالات سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے بغیر خودمختاری کا تصور بے معنی ہے، مسلح افواج نے سالانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لےکر ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔



مزید خبریں :