29 جون ، 2019
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی تاریخ میں توسیع کی تردید کردی۔
حکومت کی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی ڈیڈلائن 30 جون تک ہے تاہم گزشتہ دنوں وزیراعظم کے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے بعد اسکیم کی تاریخ میں توسیع کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔
تاہم اب ایف بی آر کے اعزازی چیئرمین نے واضح بیان دے کر قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیا ہے۔
شبر زیدی کے مطابق ایسیٹس ڈیکلریشن اسکیم 2019 کی آخری تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ ایف بی آر کو حکومت کی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم سے اب تک توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں ہوسکے ہیں۔
گزشتہ روز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کی جانب سے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم پر تحفظات کا بھی اظہار کیا تھا۔