12 اگست ، 2012
لاہور … امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ شفاف ووٹر لسٹوں اور آزاد الیکشن کمیشن کے ساتھ بروقت انتخابات کی خاطر حکومت پر دباوٴبڑھانے کیلئے گرینڈ الائنس وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور سلامتی کو محض چند ڈالروں کے عوض امریکا کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، نیٹو سپلائی کی بحالی سے 18 کروڑ عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے، سیاسی و عسکری قیادت ملکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے، ملک کے کسی بھی کونے میں فوجی آپریشن قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ راء ، سی آئی اے اور موساد سمیت 20 سے زائد ممالک کی خفیہ ایجنسیاں بلوچستان کے حالات خراب کررہی ہیں۔