12 اگست ، 2012
ملتان … پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے اپنی ہی پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا، جمشید دستی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے قومی کمیشن برائے صوبہ جنوبی پنجاب اور صوبہ بہاولپور کی فہرست 25 روز گزرنے کے باوجود قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو نہیں بھیجی ہے۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران جمشید دستی کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز نئے صوبے بنانے کے معاملے میں تاخیری حربہ استعمال کر رہی ہے تاکہ الیکشن تک اس معاملے کو کسی طرح لٹکایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی بجائے انتقام کیلئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن جس نے کی ہے اسے پھانسی پر لٹکا دیا جائے، رینٹل پاور اگر آج لگ جاتے تو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نام و نشان نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حنا ربانی کھر کے مقابلے میں الیکشن لڑ کر جاگیر دارانہ نظام کے خلاف جنگ لڑوں گا اور انہیں تاریخی شکست دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 کروڑ سے زائد جعلی ووٹ ختم کئے جو موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔